نئی دہلی،21/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کی حکومت کے وزیر اوپیندر تیواری نے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرینکا نے سون بھدر قتل معاملے کا سہارا لے کر کانگریس صدر کے عہدے کے لئے اپنی مضبوط دعویداری پیش کی ہے۔ریاستی وزیر تیواری نے کہا کہ پرینکا نے سون بھدر کے واقعہ کے ذریعے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔اس وقت کانگریس صدر کا عہدہ خالی ہے اور پرینکا نے سون بھدر سانحہ کے متاثرین سے ملنے کے بہانے سیاسی ڈراما کرکے یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ کانگریس میں ان سے مضبوط لیڈر کوئی اور نہیں ہے اور پارٹی صدر کے عہدے کے لیے ان کا دعوی سب سے پختہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کانگریس صدر بن سکتے ہیں تو پرینکا بھی پرامید ہیں کہ وہ بھی پارٹی سربراہ بن سکتی ہیں۔تیواری نے کہا کہ سون بھدر میں زمین تنازعہ کو لے کر گزشتہ دنوں فائرنگ میں 10 لوگوں کے مارے جانے کے واقعہ کو دیکھتے ہوئے پرینکا کو صبر کرنا چاہئے تھا اور معاملہ ٹھنڈا ہونے تک سون بھدر جانے سے گریز کرنا چاہئے تھا۔ایس پی ممبر پارلیمنٹ اور سابق وزیر اعظم خاں پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعظم مسلمانوں کے مسیحا نہیں ہیں۔انہیں کسی نے یہ اجازت نہیں دی ہے کہ وہ کسانوں اور غریبوں کی زمین پر قبضہ کر لیں۔وزیر نے ریاستی حکومت کی طرف سے اعظم کے خلاف جانبدار کارروائی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اچھے طریقے سے اپنا کام کر رہی ہے۔